کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ اسلام امن، آشتی اور انسانیت کی فلاح کا دین ہے، دنیا کو اس کا حقیقی پیغام سمجھنے کی ضرورت ہے دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا کے رجحانات عالمی امن و استحکام کے لیے تشویشناک ہیں،مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہمات کے سدباب کے لیے عالمی برادری کو مشترکہ اور مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے اقوام متحدہ کی جانب سے اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن کا اعلان امت مسلمہ کی اہم سفارتی کامیابی ہے۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن کے موقع پر سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اسلام کو انتہا پسندی سے جوڑنے کی کوششیں ایک منظم سازش ہیں جن کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گابلوچستان بین المذاہب ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کی روشن مثال ہے ہم تمام مذاہب کے ماننے والوں کے حقوق اور ان کے مذہبی شعائر کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔۔وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی فورمز پر اسلام کا حقیقی اور پرامن تشخص مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ مغرب میں آزادی اظہار کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات مجروح کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے اسلاموفوبیا کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مکالمے، تعلیم اور شعور کے فروغ کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ نفرت اور تعصب کی دیواریں گرا کر ہی ایک پرامن اور متوازن عالمی معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے،اسلاموفوبیا کے تدارک کے لیے عالمی برادری کو مؤثر قانون سازی اور عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے خلاف تعصب اور امتیازی سلوک انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے آئیں عہد کریں کہ انتہا پسندی کو رد کر کے رواداری، اعتدال اور باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔

