افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے شہری علاقوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بناناقابل مذمت ہے، چوہدری نعیم کریم

کوئٹہ(این این آئی)وزیراعظم یوتھ پروگرام کے فوکل پرسن و مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئررہنما چوہدری نعیم کریم نے کہا ہے کہ کوئٹہ، کوہاٹ اور راولپنڈی میں افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے شہری علاقوں کو ڈرون حملوں سے نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے بروقت ڈرون کو ناکام بنایا،دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں مگر قوم کے اتحاد اور ایمان کی طاقت کے سامنے ان کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔پاکستان مسلم لیگ(ن) بلوچستان کے رابطہ آفس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ افغان طالبان کی جانب سے پاکستان کے شہری علاقوں کو ڈرون سے نشانہ بنانا کھلی جارحیت اور قابل مذمت عمل ہے اس قسم کے واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ دشمن قوتیں پاکستان کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں تاہم قوم اور سکیورٹی ادارے ان سازشوں کو ناکام بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں،پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ،کوہاٹ اور راولپنڈی کے حساس اور گنجان آباد شہری علاقوں میں دشمن قوتوں کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملوں کو سیکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیاجس سے ثابت ہوتاہے پاک فوج اوردیگرسیکورٹی ادارے ملک اورسرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے اوردشمن کے کسی بھی حملے کا بھر پور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔چوہدری نعیم کریم نے کہا کہ بھارت، افغانستان اور دیگر ملک دشمن عناصر خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں لیکن پاکستانی قوم اور فوجی جوانوں نے دہشت گردی اور بیرونی سازشوں کے خلاف بے شمار قربانیاں دے کر ثابت کیا ہے کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جانباز بھی ملک کے دفاع میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات سے دشمن کے عزائم کو ہمیشہ ناکام بناتے آئے ہیں قوم کو اپنے شاہینوں پر فخر ہے جو ہر وقت ملکی فضاں کی حفاظت کے لیے تیار رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت خطے کے امن کو مدنظر رکھتے ہوئے ہوش مندی سے کام لے اور اسلام دشمن قوتوں کا آلہ کار بننے سے گریز کرے۔انہوں نے کوئٹہ،کوہاٹ اور راولپنڈی میں ڈرون کے ملبے سے زخمی ہونے والے بچوں اوردیگرشہریوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں