کوئٹہ (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق صوبائی صدر بلوچستان اور سابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کا تیسرا عشرہ جو کہ نجات کا عشرہ کہلاتا ہے، تیزی سے اختتام کی جانب بڑھ رہا ہے اور اب مبارک طاق راتوں کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ ان بابرکت لمحات میں ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ زیادہ سے زیادہ عبادت، توبہ و استغفار اور دعاؤں کا اہتمام کرے۔انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے اور اس کے آخری ایام خاص طور پر مغفرت اور نجات کے حصول کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ ان مقدس راتوں کو غفلت میں گزارنے کے بجائے اللہ رب العزت کے حضور سچے دل سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور اس بات کا احساس کریں کہ شاید ہمیں دوبارہ یہ بابرکت مہینہ نصیب نہ ہو۔میر چنگیز جمالی نے کہا کہ قوم کو اس وقت اتحاد، صبر اور اللہ تعالیٰ کی طرف رجوع کی اشد ضرورت ہے۔ ہمیں ان مقدس ساعتوں میں ملک پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کرنی چاہئیں تاکہ ہمارا وطن ہر قسم کے بحران اور مشکلات سے محفوظ رہ سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ دعا کی طاقت سے ناممکن بھی ممکن ہو جاتا ہے، اس لیے پوری قوم کو چاہیے کہ وہ ملک دشمن عناصر اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اللہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعائیں مانگے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک ہمیں صبر، برداشت، اخوت اور انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم اس پیغام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں۔انہوں نے آخر میں کہا کہ رمضان المبارک کے آخری ایام ہمیں یہ یاد دلاتے ہیں کہ زندگی عارضی ہے اور اصل کامیابی اللہ تعالیٰ کی رضا اور آخرت کی کامیابی میں ہے، اس لیے ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنی اصلاح کرے، نیکیوں میں اضافہ کرے اور زیادہ سے زیادہ عبادت اور خیرات کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرے۔

