کوئٹہ (این این آئی) تحریک نفاذ فقہ جعفریہ بلوچستان کے ترجمان لسان تحریک طارق جعفری نے کہا ہے کہ حضرت ابراہیم خلیل اللہ کے لختِ جگر حضرت اسماعیل علیہ السلام اور فخرِ انبیاء حضرت محمدِ مصطفیٰ صلی اللہ و علیہ و آلہ وسلم کے پیارے نواسے حضرت امام حسین ابنِ علی نے اپنی لازوال قربانی پیش کر کے پیغامِ توحید کو امر کر دیا، شاعرِ مشرق، مفکرِ پاکستان علامہ اقبال کے بقول داستانِ حرم کی ابتدا حضرت اسماعیل اور انتہا حضرت امام حسین ابنِ علی ہیں جس سے امام عالی مقام کے منفرد مقامِ عظیم کا ادراک ہوتا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے آمدہ محرم الحرام کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کئی طارق جعفری نے کہا کہ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ امن و امان کے حوالے سے حکومت اور تمام سیکورٹی اداروں سے ہر وقت تیار ہے محرم الحرام کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجلاس میں تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کو دعوت نہ دینا لمہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل سے مالا مال مسلم ممالک بحرانوں میں مبتلا اپنے مسلمان بھائیوں کی مدد کریں جسکے لیے عالمِ اسلام کو راہِ حسینیت اختیار کرنی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے کالعدم گروپوں کی سرگرمیوں کو روکنا ضروری ہے اس مقصد کے لیے حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اسکی روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنائے ورنہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں چلی جائیں گی کالعدم گروپوں کو محض کھالیں جمع کرنے سے روکنا کافی نہیں بلکہ انہیں امن کمیٹیوں سے خارج کرنا اور سرکاری سرپرستی میں کام کرنے والے اداروں سے بے دخل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرتوں کے خلاف پوری قوم یک جان اور ازلی دشمن بزدل ہندو کی جارحیت اور دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ہر آپریشن میں اسکی پشت پر کھڑی ہے، جنت البقیع کی حرمت بحال کرائی جائے اور کشمیر و فلسطین سمیت عالمی مسائل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور وہاں کے عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان گنت قربانیوں کا ثمر ہے، تحریکِ پاکستان کے دوران مسلمانوں نے لاکھوں قربانیاں دیں تاکہ نفرت، عداوت بعض و حسد، نا انصافی اور لادینیت کے بجائے اللہ کے نظام کی حکمرانی ہو اور تمام مسلمہ مکاتب اپنے عقائد کے مطابق زندگی بسر کر سکیں۔ انہوں نے اس عہد کا اظہار کیا کہ ٹی این ایف جے حب الوطنی کی بنیاد پر موسس عزائے جنت البقیع قائدِ ملتِ جعفریہ آغا سید حامد علی شاہ موسوی کے وضع کردہ اصولوں ولایتِ علی، عزائے حسین، حرمتِ سادات، احترامِ مرجعیت و مرکزیت کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کے لیے عملی جدوجہد جاری رکھے گی اور اس مقصد کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔

