کوئٹہ(این این آئی) وفاقی اور بلوچستان حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کی جائیں گی،سوشل میڈیا پر ریاست مخالف بے بنیاد پروپگنڈوں میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائیاں تیز اور ایف آئی اے کی خالی آسامیوں پر مقامی افراد کو بھرتی کیا جائیگا۔ پیر کو وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وفاقی و صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت، شرکاء کو امن و امان، افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی اور بھتہ خوری، اسمگلنگ کے خاتمے سمیت اہم امور پرچیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی این سی سی آئی اور آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری نے متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کی جائیں گی،پہلے مرحلے میں فیڈرل کانسٹیبلری کے دو ونگز پر مشتمل تقریباً تین ہزار اہلکار صوبے میں تعینات کیے جائیں گے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلوچستان میں ایف آئی اے کو مزید فعال کرنے کے لیے تمام خالی آسامیوں پر مقامی افراد کی بھرتی کی جائے گی۔ اجلاس میں حکومت بلوچستان اور وفاقی حکومت نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کو موثر بنانے پر اتفاق کرتے ہوئے ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر بے بنیاد پروپیگنڈوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس موقع پر وفاقی حکومت کی جانب سے بلوچستان حکومت کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے، بلوچستان کے حالات سے مکمل آگاہ ہیں اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن معاونت کریں گے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پوری قوت اور عزم کے ساتھ مقابلہ کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف سیکیورٹی فورسز نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جنگ ہے روز اول واضح کرچکے کہ ریاست کی عمل داری ہر صورت یقینی بنائیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ آج بلوچستان کی کوئی شاہراہ احتجاج کے نام پر بند نہیں ہوتی، بحالی امن کے لئے وفاقی حکومت کی معاونت کو سراہتے ہیں۔محسن نقوی اور وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اتفاق کیا کہ قومی یکجہتی سے دہشت گردی کو شکست دیں گے۔

