تربت(این این آئی)جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے ڈیجیٹل میڈیا سیل کے کوآرڈینیٹر خالد ولید سیفی نے تربت شہر میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور چوری و ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک حالیہ بیان میں انہوں نے کہا کہ تربت میں بدامنی کا مسئلہ نیا نہیں لیکن عید کے قریب آتے ہی جرائم پیشہ عناصر بے لگام ہو چکے ہیں جس نے شہریوں کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تربت شہر کے عوام شدید خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ انہوں نے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جبکہ عوام کو عملاً چوروں اور ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر دن دیہاڑے کارروائیاں کرتے ہیں اور نہایت باآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو جاتے ہیں جو کہ اداروں کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ جیسے جیسے عید کے دن قریب آ رہے ہیں بازاروں اور گلی محلوں میں اسٹریٹ کرائمز کی شرح میں تشویشناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے۔ لوگ اپنی محنت کی کمائی اور قیمتی اشیاء سے محروم ہو رہے ہیں لیکن کوئی ان کا پرسانِ حال نہیں۔انہوں نے متعلقہ حکام اور اعلیٰ پولیس افسران سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ شہر کے تمام حساس علاقوں میں پولیس اور لیویز کی گشت میں فوری اضافہ کیا جائے۔جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر کے انہیں کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عوام عید کی خوشیاں سکھ اور چین کے ساتھ منا سکیں۔

