کوئٹہ(این این آئی) ایس ایس پی ٹریفک کوئٹہ مرزا بلال حسن نے کہا کہ شہر میں عید کی خریداری کے مراکز اور شاپنگ مال کے حوالے سے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور ٹریفک کے نظام کو رواں رکھنے کے لئے ترتیب دی گئی جامع پلان کے تحت 260 اہلکار تعینات کئے گئے جوکہ اپنے افیسران کی نگرانی میں اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں گے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز شہر کے مختلف مقامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ ایس ایس پی ٹریفک نے کہا کہ شہر میں عوامی سہولیات کے حواے سے کسی کو ٹریفک نظام میں رکاوٹ اور تجاوزات کرنے کی اجازا ت نہیں دی جائے گی۔جبکہ غیر قانون موٹر سائیکل جو کہ سڑکوں پر قائم اور وہ ٹریفک میں خلل کا باعث بن رہے ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس موقع پر شہریوں اور دکانداروں سے بھی اپیل کی ہے کہ شہر میں ٹریفک پولیس سے تعاون کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں تاکہ آمد ورفت کے نظام کو بہتر بنایا جاسکے۔

