کوئٹہ (این این آئی) ایس ایس پی سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ ڈاکٹر سمیع ملک نے کہا ہے کہ ایس سی آئی ڈبلیو نے 2ماہ کے دوران مشرقی بائی پاس کوئٹہ،سریاب خلیفہ گلی،، نواں کلی میں 80 سالہ خاتون کے قتل سمیت قتل کے 11 مقدمات میں 10 مطلوب نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، کٹ پیس گلی پولیس وردی میں ڈکیتی، گینگ کے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے 2 کروڑ 87 لاکھ روپے اسلحہ و وردیاں برآمد کرلیں،سریاب میں ڈکیتی کیس میں ملزمان کو گرفتار کرکے 10لاکھ روپے مالیت کا چھینا گیا سونا،پراڈو گاڑی، 10 عدد پولیس و لیویز کی وردیاں 2 رائفل،پسٹل، ہتھکڑیاں برآمد کرلیں، زرغون روڈ ڈکیتی کیس، 3 ملزمان کو گرفتارکرکے رقم 20 لاکھ روپے اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے، ہزار گنجی کے ایک نجی بینک ڈکیتی کیس، مرکزی کو گرفتار کرلیا اور ملزم کے قبضے سے 2کروڑ 98لاکھ روپے برامد کرلیے،مری آباد میں لڑکی کیساتھ زنا کے مقدمہ میں 2ملزمان کو گرفتار کرلیا اور واردات میں استعمال ہونیوالا سوزوکی ڈبہ برآمد کرلیا۔یہ بات انہوں نے منگل کو کوئٹہ میں ایس سی آئی ڈبلیو کے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر سمیع ملک نے کہا کہ 14 جنوری 2026 کو پیش آنے والے قتل کے ایک مقدمے میں پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کر دیا۔ واقعے کا مقدمہ درج ہونے کے بعد SCIW ٹیم نے جدید تفتیشی طریقوں، شواہد اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کو گرفتار کر لیا، جس سے آلہ قتل پستول بھی برآمد کر لیا گیا۔ ملزم نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 17 فروری 2026 کو سریاب کے علاقے میں پیش آنے والے ایک اور قتل کیس میں بھی پیش رفت کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ اس کیس میں بھی ملزم نے فائرنگ کر کے ایک شہری کو قتل کیا تھا، جسے سائنسی بنیادوں پر تفتیش اور شواہد کی مدد سے ٹریس کیا گیا اور آلہ قتل برآمد کیا گیا۔ایس ایس پی سمیع ملک نے کہا کہ 9 مارچ 2026 کو تھانہ بروری کی حدود میں ایک خاتون کے قتل کے مقدمے میں بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ کیس میں نامزد ملزم کو گرفتار کر کے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ SCIW کو مجموعی طور پر 11 سنگین مقدمات میں مطلوب 10 ملزمان کی گرفتاری میں کامیابی حاصل ہوئی ہے اور دیگر مقدمات میں بھی جلد اہم پیش رفت متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ 2 دسمبر 2025 کو کٹ پیس مارکیٹ میں پیش آنے والی ڈکیتی کے مقدمہ نمبر 343/2025 میں جدید تفتیش، سی سی ٹی وی فوٹیج اور جیو فینسنگ کی مدد سے چار ملزمان محمود الحسن (پولیس کانسٹیبل)، حبیب الرحمن، اورنگزیب (ڈی ایس پی/سی آئی ڈی) اور عبد الحمید کو گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان سے چھینی گئی رقم میں سے 2 کروڑ 87 لاکھ روپے اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑیاں برآمد کی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ 19 نومبر 2025 کو سریاب کے علاقے میں پولیس اور لیویز کی وردیوں میں ملبوس 18 سے 20 افراد نے ایک گھر میں ڈکیتی کی واردات کی تھی۔ اس کیس میں پانچ ملزمان عبد الحمید، خدائیداد، عبد المنان، محمد سلیم اور نصر اللہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے تقریباً 10 لاکھ روپے مالیت کا سونا، ایک پراڈو گاڑی، 10 پولیس و لیویز یونیفارمز، دو عدد کلاشنکوف، ایک ٹی ٹی پستول، دو واکی ٹاکی اور دو ہتھکڑیاں برآمد کی گئی ہیں جبکہ مزید ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ایس ایس پی کے مطابق 29 مئی 2025 کو زرغون روڈ پر گن پوائنٹ پر ہونے والی ڈکیتی کے مقدمے میں تین ملزمان محمد اسلم، محمد اصغر اور علی جان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے تقریباً 20 لاکھ روپے، واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد کیا گیا۔انہوں نے مزید بتایا کہ 22 دسمبر 2025 کو ہزار گنجی میں ایک نجی بینک سے تقریباً 2 کروڑ 98 لاکھ روپے کی ڈکیتی کے کیس میں مرکزی ملزم حمزہ بیگ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کو بھی نامزد کر دیا گیا ہے۔ ملزم سے کچھ رقم برآمد کر لی گئی ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 19 مارچ 2025 کو علی آباد (تھانہ بروری) میں گھر میں گھس کر ڈکیتی کے مقدمے میں مفرور ملزم عبد الہادی کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے چھینی گئی جیولری برآمد کر لی گئی ہے۔ اسی طرح خالق شہید کے علاقے میں سوزوکی گاڑی چھیننے کے کیس میں ملزم محمد عظیم کو گرفتار کر کے گاڑی برآمد کی گئی جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ایس ایس پی سمیع ملک کے مطابق SCIW کو دیگر مقدمات میں بھی کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں، جن میں چھینی گئی رکشہ اور سرکاری سوزوکی سوئفٹ گاڑی کی برآمدگی شامل ہے، جبکہ کوئٹہ اور مستونگ پولیس کی مشترکہ کارروائی میں ایک بین الصوبائی گینگ کو گرفتار کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگین نوعیت کے جرائم کے علاوہ صنفی تشدد کے ایک اہم کیس میں بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ 23 فروری 2026 کو قائد آباد میں اجتماعی زیادتی کے مقدمے میں ملوث دو ملزمان قیس علی اور علی عباس کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کر لی گئی ہے۔ایس ایس پی SCIW ڈاکٹر سمیع ملک نے کہا کہ تمام مقدمات میں سائنسی اور پیشہ وارانہ بنیادوں پر تفتیش جاری ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

