کچھی،ہر صورت امن و امان کا قیام مشن ہے،ایس پی غلام مرتضیٰ

بولان(این این آئی)نئے تعینات ہونے والے ایس پی کچھی غلام مرتضیٰ سے ڈھاڈر پریس کلب، انجمن تاجران و ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے وفود نے ملاقات کی اور ضلع کچھی میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انہیں مبارکباد پیش کی ڈھاڈر پریس کلب کے وفد کی قیادت صدر پریس کلب محمد عارف بنگلزئی کررہے تھے وفد میں حاجی رئیس نوروز خان ایری، عبدالحئی گولہ،سمیع اللہ جلبانی، غلام فاروق جتوئی جبکہ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن و انجمن تاجران کے وفد کی قیادت میر محمد اسلم جتوئی کررہے تھے اس موقع پر نو تعینات ایس پی کچھی غلام مرتضیٰ نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کچھی میں ہر صورت امن و امان کا قیام ان کا مشن ہے اس سلسلے میں جلد ضلع کچھی کی قبائلی شخصیات، میر معتبرین اور عمائدین کے ساتھ اجلاس منعقد کیا جائے گا تاکہ علاقائی امن کے قیام میں قبائلی شخصیات کی کوششیں بھی شامل حال رہیں انہوں نے کہا کہ میڈیا ریاست کا چوتھا اہم ستون ہے اور صحافی برادری کو چاہیے کہ وہ علاقائی امن کے قیام کے لیے پولیس کے ساتھ تعاون کرے انہوں نے مزید کہا کہ قیام امن کے لیے اگر کوئی شہری چوروں اور ڈاکوؤں کے بارے میں پولیس کو اطلاع دیتا ہے تو اس کا نام مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھا جائے گا انکا کہنا تھا کہ اپنے ماتحت پولیس آفیسران سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائی کیلئے ٹاسک دے دیا ہے متعلقہ ایس ایچ اوز اپنے علاقے میں امن کی بحالی کیلئے کردار ادا کریں لاپرواہی کا مظاہرہ کرنے والے ایس ایچ اوز کے خلاف کاروائی کرینگے ضلع کچھی کو ہر صورت امن کا گہوارہ بنا کر دم لینگے اس حوالے سے دعوؤں کے بجائے عملی اقدامات اٹھاکر عوام کو امن کا تحفہ دینگے تاہم امن کی بحالی میں باشعور شہری علاقائی سیاسی و سماجی حلقوں سمیت قبائلی شخصیات کا کردار نہایت اہم ہوگا۔اس موقع پر وفود کے اراکین نے ایس پی کچھی کو یقین دلایا کہ وہ ضلع میں امن و امان کے قیام، جرائم کی روک تھام اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے پولیس کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں