سکل پروگرام کے تحت گوادر سے عالمی روزگار کی راہیں کھل گئیں، نوجوانوں کے انٹرویوز مکمل

گوادر (این این آئی)اسکل پروگرام کے تحت گوادر سے عالمی روزگار کی راہیں کھل گئیں، نوجوانوں کے انٹرویوز مکمل،تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن اور ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ظہور احمد بلوچ نے چیف منسٹر بلوچستان اسکل ڈیولپمنٹ پروگرام (B-TEVTA) کے تحت مختلف ٹریڈز میں بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویوز لیے۔انٹرویوز کے دوران امیدواروں نے اپنے اصل قومی شناختی کارڈ، تعلیمی اسناد اور دیگر متعلقہ دستاویزات کے ہمراہ شرکت کی اور اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور قابلیت کا مؤثر انداز میں مظاہرہ کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) ظہور احمد بلوچ نے امیدواروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام نوجوانوں کو بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی محنت، لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر نہ صرف اپنی زندگی سنوار سکتے ہیں بلکہ ملک و قوم کا نام بھی روشن کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام وزیر اعلیٰ بلوچستان کی خصوصی کاوشوں کا نتیجہ ہے، جس کے تحت نوجوانوں کو جدید پیشہ ورانہ تربیت فراہم کر کے عالمی منڈی میں مسابقت کے قابل بنایا جا رہا ہے۔ امیدواروں پر زور دیا گیا کہ وہ ایمانداری، محنت اور مستقل مزاجی کو اپنا شعار بنائیں تاکہ کامیابی ان کا مقدر بن سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں