کوئٹہ (این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید اللہ گورگیج نے عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر پوری قوم، بالخصوص اہلِ بلوچستان کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عیدالفطر ہمیں صبر، برداشت، ایثار اور باہمی محبت کا درس دیتی ہے اور یہ دن ہمیں اختلافات بھلا کر اتحاد و یگانگت کو فروغ دینے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے قومی یکجہتی اور مشترکہ کاوشیں انتہائی ضروری ہیں۔ عید کا یہ بابرکت موقع ہمیں غریبوں، ناداروں اور مستحق افراد کی مدد کرنے اور ان کی خوشیوں میں شریک ہونے کی ترغیب دیتا ہے، تاکہ عید کی حقیقی خوشیاں معاشرے کے ہر فرد تک پہنچ سکیں۔ میر عبید گورگیج نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر عمل پیرا رہی ہے اور وہ خود بھی اپنے حلقے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ عید کے موقع پر اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کو نہ بھولیں اور ان کی مدد کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس بابرکت موقع پر پاکستان میں امن، استحکام اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں باہمی محبت، بھائی چارے اور رواداری کے ساتھ آگے بڑھنے کی توفیق دے۔

