کوئٹہ(این این آئی)مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر عوام کو تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عید کے ایام میں لوڈ شیڈنگ نہ کی جائے، عید کی خوشیوں کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ معاشرے کے محروم طبقات کو بھی برابر کا شریک بنایا جائے۔ یہ بات انہوں نے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر محمد مہدی ہزارہ، ذیشان علی، عزت اللہ کاظمی رکن سپریم کونسل، الیاس علی زاہدی، محمد علی، سلیمان علی، جان محمد ہزارہ، محمد موسیٰ، عیوض علی و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ غرباء اور نادار افراد کو خصوصی طور پر عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ کوئی بھی طبقہ محرومی کا شکار نہ رہے، انہوں نے کہا کہ اگر کیسکو واقعی عید کے دوران بلا تعطل بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تو اس کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کیے جائیں ورنہ اپنے دعوے اور بیانات عوام کی امیدوں پر پانی پھیرنے کے مترادف ہیں کیونکہ ہر سال بڑے بڑے دعوے کیے جاتے ہیں کہ عید کے موقع پر لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی مگر عملی طور پر یہ دعوے ہر سال بے اثر ثابت ہوتے ہیں، انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں شہری پہلے ہی مہنگائی، پانی کی قلت، صفائی کے ناقص انتظامات اور دیگر بنیادی مسائل کا سامنا کر رہے ہوتے ہیں ایسے میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ ان مشکلات میں مزید اضافہ کر دیتی ہے جبکہ تاجر اور عوام دونوں ہی ایامِ عید میں آسانیوں کے منتظر ہیں اور حکومت و متعلقہ انتظامیہ پر لازم ہے کہ شہریوں اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کرنے والے مسائل کو بروقت حل کریں تاکہ عید کا ماحول خوشگوار اور پرامن رہے۔

