کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینیئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، مولانا محب اللہ، مولانا محمد ایوب ایوبی، شیخ مولانا عبدالاحد، مولانا سعید احمد، حافظ سراج الدین، مفتی روزی خان بادیزئی، مولانا محمد شعیب جدون، رحیم الدین ایڈووکیٹ، مولانا محمد عارف شمشیر اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد کوئٹہ شہر کی سڑکوں، گلیوں اور بازاروں میں کیچڑ، گندگی اور نکاسی آب کے ناقص نظام نے حکومتی دعوؤں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد نکاسی آب کی نالیاں بند ہونے کے باعث گندا پانی سڑکوں پر جمع ہوچکا ہے جس سے نہ صرف آمد و رفت میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں بلکہ شہریوں کو صحت کے سنگین مسائل کا بھی سامنا ہے۔ خصوصاً پیدل چلنے والے افراد کیلئے معمولاتِ زندگی انجام دینا دشوار ہوچکا ہے انہوں نے کہا کہ عیدالفطر سے قبل صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات نہ ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ شہر کی مرکزی شاہراہوں کے ساتھ ساتھ گلی محلوں میں بھی صفائی کی ابتر صورتحال شہریوں کیلئے اذیت کا باعث بنی ہوئی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ میونسپل کارپوریشن اور متعلقہ حکام فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں، نکاسی آب کے نظام کو فعال بنایا جائے، بند نالیوں کی صفائی یقینی بنائی جائے اور شہر بھر میں صفائی مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو عید سے قبل صاف ستھرا اور صحت مند ماحول میسر آسکے۔

