کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ 23 مارچ کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک سنہری مقام رکھتا ہے۔ یہ دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کے نتیجے میں مسلمانوں کو ایک آزاد وطن ملا اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ قراردادِ لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے الگ ریاست کے قیام کی بنیاد رکھی، جو قائدِ اعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں عملی شکل اختیار کر گئی وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل کرنے کا درس دیتا ہے اور یہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام نے ہمیشہ پاکستان کی سالمیت اور استحکام کے لیے ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور صوبے کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان عوام کی فلاح و بہبود، دیرپا امن، اور ریاست کی رٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی وزیراعلیٰ نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف قوم کی یکجہتی پر زور دیا اور کہا کہ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی اداروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ یومِ پاکستان کے موقع پر انہوں نے ملک کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ہر قیمت پر کرنے کا عزم دہرایا انہوں نے نوجوانوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کر کے پاکستان کا روشن مستقبل بنایا جائے گا بلوچستان میں میرٹ، شفافیت اور گڈ گورننس کے ذریعے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا رہا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا گلدستہ ہے جہاں ہر رنگ اور ہر زبان کے بولنے والے کو برابر کے حقوق حاصل ہیں تحریک پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیاں ہمیں آزاد وطن کے قابلِ فخر شہری بناتی ہیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے قوم سے اپیل کی کہ آج کے دن اپنے ذاتی مفادات کو ملک و قوم کے مفاد پر ترجیح دیں اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ شاد و آباد رکھے اور اسے امن، استحکام اور خوشحالی کا گہوارہ بنائے۔

