اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصول قوموں کی ترقی و استحکام کی بنیاد ہیں،حاجی علی مدد جتک

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر حاجی علی مدد جتک نے یومِ پاکستان کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم اور یادگار دن ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں نے ایک آزاد اور خودمختار وطن کے قیام کا عزم کیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ پاکستان ہمیں اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا درس دیتا ہے، جو قوموں کی ترقی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی چاہیے کہ ہم ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہمیں اپنے اکابرین کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے اور ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ باہمی اتفاق، اتحاد اور یکجہتی سے کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ریاست بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔آخر میں انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور ملک کی تعمیر و ترقی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں