کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن بلوچستان اسمبلی سردار عبیداللہ گورگیج نے کہا ہے کہ 23مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، یوم پاکستان 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے ایک علیحدہ وطن کا خواب دیکھا تھا۔پیر کو گورگیج ہاؤس کوئٹہ میں ملاقات کرنے والے پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار عبیداللہ گورگیج نے کہا کہ ہم سب اس موقع پر اس بات کا عہد کریں کہ پاکستان کی بقا کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا اس دن ہمارے قائدین نے اس ملک پاکستان کو بنانے کی تحریک شروع کرتے ہوئے 23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان پیش کی گئی تھی اور اسی قرارداد کے پس منظر میں 1947 میں پاکستان معرض وجود میں آیا جس میں بے پناہ قربانیاں دی گئی۔اس دن ہمیں یہ عہد کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم اس ملک کی ترقی،امن و سلامتی کے لئے ملکر شب و روز کام کریں ملک کی ترقی ہم سب کی ترقی ہے اور ملک کی سلامتی میں ہم سب کی سلامتی ہے یوم پاکستان کو منانے کا مقصد نظریہ پاکستان اور ملک سے اظہار محبت کا پیغام دینا ہے اور عزم ہے کہ ملک کی حفاظت کیلئے پاک فوج کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ملک کی سلامتی سے بڑا کوئی ایجنڈا نہیں یہ ہماری اور ہماری آنے والی نسلوں کی بقا کی جنگ ہے یہ ملک ہے تو ہم سب ہیں لہٰذا ملک کی سلامتی سے بڑھ کر ہمارے لئے کوئی چیز نہیں پاکستان کے تحفظ کیلئے یک زبان ہو کر اپنی سیاسی اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک بیانیہ اپنانا ہوگا تاکہ ملک و صوبے سے دہشتگردی ختم ہوسکے۔سردار عبیداللہ گورگیج نے کہا کہ مادر وطن کی آزادی کے لیے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دے کر قدم سے قدم ملا کر جدوجہد کی اور ایک آزاد وطن کی خواب کی تعبیر پائی قومی دن قوموں کی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتے ہیں زندہ قومیں اپنے اسلاف کی قربانیوں اور جدوجہد کو نا صرف یاد رکھتی ہیں بلکہ اسے امانت کی صورت اپنی نئی نسل میں منتقل بھی کرتی ہیں قومی دن اپنی دھرتی کے ساتھ عہد وفاکی تجدید کا دن بھی ہوتا ہے۔ ان ایام کو منانے کا ایک مقصد یہ بھی ہوتا ہے کہ نئی نسل کو ان کے بزرگوں کی قربانیوں اور کامیابیوں کو یاد دلایا جائے۔

