نوکنڈی(این این آئی) سابق چیئرمین سینیٹ و رکن صوبائی اسمبلی چاغی محمد صادق سنجرانی، ایم ڈی ایس ایم ایل محمد رازق سنجرانی اور ڈسٹرکٹ چیئرمین خان عبدالودود خان سنجرانی نے عیدالفطر اپنے آبائی علاقے نوکنڈی میں عوام کے ساتھ انتہائی جوش و خروش سے منائی۔ عید کے پْرمسرت موقع پر خان سنجرانی ہاؤس میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے لوگوں سے عید ملنے کا سلسلہ جاری رہا۔ اس موقع پر تفتان، چاغی، ماشکیل، یک مچھ اور دیگر علاقوں سے عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور رہنماؤں کو عید کی مبارکباد پیش کی۔ عید کے خوشگوار ماحول میں عوام اور عمائدین نے باہمی محبت، بھائی چارے اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر محمد صادق سنجرانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی جانب سے ملنے والی محبت، پیار اور عزت افزائی ان کے لیے قابلِ فخر اور ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چاغی کی سرزمین محبت، رواداری اور باہمی احترام کی علامت ہے، جہاں مختلف قبائل آپس میں بھائی چارے اور عزت کے ساتھ زندگی گزار رہے ہیں، جس کے باعث علاقے میں مثالی امن قائم ہے۔ عید ملن کے دوران متعدد سائلین نے اپنے مسائل سے بھی رہنماؤں کو آگاہ کیا، جس پر انہوں نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون اور اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔

