کوئٹہ(این این آئی)وزیراعلیٰ میرسرفرازبگٹی کی ہدایات کی روشنی میں بلوچستان ریونیواتھارٹی نے تعمیراتی خدمات فراہم کرنے والے کنٹریکٹرز اور کمپنیوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اتھارٹی کے ساتھ اپنی رجسٹریشن یقینی بنائیں اور ٹیکس قوانین کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔اتھارٹی کے مطابق بلوچستان سیلز ٹیکس آن سروسز (BSTS) ایکٹ 2015 کے تحت تعمیراتی خدمات پر عمومی طور پر 8 فیصد سیلز ٹیکس عائد ہے۔ تاہم وہ تعمیراتی خدمات جو وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، مقامی حکومت یا کنٹونمنٹ بورڈ کے ترقیاتی منصوبوں (گورنمنٹ سول ورکس) سے متعلق ہوں اور جن کے اخراجات سرکاری بجٹ سے ادا کیے جاتے ہوں، ان پر 1 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہوگا۔ بی آر اے نے مزید واضح کیا ہے کہ 1 فیصد کی رعایتی شرح ان تمام منصوبوں پر بھی لاگو ہوگی جو پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (PSDP) میں شامل کیے گئے ہیں، اور ان منصوبوں سے متعلق واجب الادا تمام ٹیکسز پر بھی یہی شرح لاگو ہوگی۔اتھارٹی کے مطابق دونوں صورتوں میں ان پٹ ٹیکس کریڈٹ یا ایڈجسٹمنٹ کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام متعلقہ کنٹریکٹرز اور کمپنیوں کیلئے لازم ہے کہ وہ مقررہ قوانین کے مطابق اپنی رجسٹریشن مکمل کریں، ٹیکس واجبات ادا کریں اور ہر ٹیکس پیریڈ کی ریٹرنز بروقت جمع کرائیں۔بی آر اے نے خبردار کیا ہے کہ رجسٹریشن نہ کروانے، ٹیکس ادا نہ کرنے یا بروقت ریٹرن فائل نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق جرمانے اور دیگر قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ اتھارٹی نے تمام تعمیراتی شعبے سے وابستہ افراد اور اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹیکس قوانین کی مکمل پاسداری یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی قانونی پیچیدگی اور مالی بوجھ سے بچا جا سکے۔

