چوہدری منیر پیپلز ریلوے ورکرز پاکستان کے بانی رہنماؤں میں شامل،زندگی مزدوروں کے حقوق، ریلوے کی ترقی کیلئے وقف کی،پیپلز ریلوے ورکرز سبی

سبی (این این آئی)پیپلز ریلوے ورکرز سبی کے سابق سینئر نائب صدر چوہدری منیر احمد گجر کے اعزاز میں ایک پروقار ریٹائرمنٹ تقریب سبی میں منعقد ہوئی، جس میں سیاسی، سماجی اور مزدور رہنماؤں سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی مرکزی صدر نسیم گشکوری جبکہ اعزازی مہمان ڈویژنل جنرل سیکرٹری کامریڈ میر محمد مینگل تھے۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت مولوی ممتاز احمد نے حاصل کی۔تقریب سے نسیم گشکوری، کامریڈ میر محمد مینگل، حبیب اللہ بھٹو، شکر خان جمالی، شکر خان ابڑو، احمد نواز مگسی، حاجی ابراہیم خجک، ستار زیب ڈندور اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے چوہدری منیر احمد گجر کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔مقررین کا کہنا تھا کہ چوہدری منیر احمد گجر پیپلز ریلوے ورکرز پاکستان کے بانی رہنماؤں میں شامل ہیں، جنہوں نے اپنی پوری زندگی مزدوروں کے حقوق، مزدور انقلاب اور ریلوے کی ترقی کے لیے وقف کر رکھی۔ وہ ایک ایماندار، محنتی اور مخلص مزدور رہنما تھے، جنہوں نے اپنی شفقت اور قیادت سے لوگوں کے دلوں میں خاص مقام بنایا۔تقریب کے اختتام پر چوہدری منیر احمد گجر کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے اور ڈھول کی تھاپ پر ایک شاندار جلوس کی صورت میں ریلوے اسٹیشن سبی سے ان کی رہائش گاہ تک لے جایا گیا، جہاں شرکاء نے انہیں پرتپاک انداز میں رخصت کیا۔اس موقع پر کونسلر ریلوے کالونی چوہدری خرم آصف، ممتاز عالم دین و کونسلر صوفی سلیمان خجک، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر سبی چوہدری وسیم احمد، ایس پی ضلع پولیس ملک عبدالغفار سیلاچی، ایس ایچ او ریلوے چوہدری عبدالمجید، ایس ایچ او سبی سٹی انسپکٹر غلام علی ابڑو، اے ایس آئی میر منور ریاض گشکوری، اسٹیشن ماسٹر افتخار حسین اور چوہدری اویس احمد سمیت دیگر معززین نے شرکت کی اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں