کوئٹہ (این این آئی)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق، سیکرٹری جنرل حاجی عین اللہ شمس، سینئر نائب امیر مولانا خورشید احمد، حاجی بشیر احمد کاکڑ، سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد، عبدالصمد حقیار، مفتی محمد ابوبکر، عبدالباری شہزاد، مولانا جمال الدین حقانی، مفتی رشید احمد حقانی، حاجی عطاء محمد شمشوزئی اور دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ ضلع کوئٹہ میں جماعت کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم اور فعال بنانے کے لیے ہمہ وقت سنجیدہ، منظم اور مربوط جدوجہد ناگزیر ہے۔ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ جماعت کے تمام یونٹس اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور ذمہ داران اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے پوری دیانت داری، خلوص اور احساسِ جوابدہی کے ساتھ میدانِ عمل میں متحرک رہیں۔ ہر سطح پر تنظیمی استحکام، باہمی رابطے اور فکری ہم آہنگی کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جماعت کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے ڈور ٹو ڈور رابطہ مہم کو مؤثر انداز میں جاری رکھا جائے تاکہ عوام کو جماعت کے نظریات، مقاصد اور خدمات سے آگاہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور دینی و ملی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے لیے کارکنان کا متحرک اور منظم ہونا بے حد ضروری ہے انہوں نے مزید کہا کہ بالائی قیادت کی ہدایات پر مکمل اور بروقت عملدرآمد جماعتی فیصلوں کی پابندی اور تنظیمی نظم و ضبط کی پاسداری ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اختلافِ رائے کو مثبت انداز میں حل کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کو ہر صورت مقدم رکھا جائے تاکہ جماعت ایک مضبوط اور مؤثر قوت کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔انہوں نے کہا کہ اخلاص استقامت اور اجتماعی نظم کی پاسداری کے ذریعے ہی منزلِ مقصود کا حصول ممکن ہے اور یہی وہ راستہ ہے جو جماعت کو عوامی اعتماد اور کامیابی کی بلندیوں تک لے جا سکتا ہے۔

