سبی(رپورٹر)ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر میر سلام رئیسانی نے کہا ہے کہ سبی میں ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر کا کام عرصہ دراز سے فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تعطل کا شکار ہے، تاہم اس منصوبے کی تکمیل کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے گزشتہ روز اسپورٹس کمپلیکس اور دیگر کھیلوں کے میدانوں کا دورہ کرتے ہوئے جاری اور رکے ہوئے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہاکی گراؤنڈ کی نامکمل تعمیر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے، جس کے باعث انہیں معیاری سہولیات میسر نہیں۔میر سلام رئیسانی نے کہا کہ فنڈز کے اجراء میں رکاوٹ کے باعث منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، تاہم متعلقہ حکام سے رابطے میں ہیں اور امید ہے کہ جلد فنڈز جاری ہو جائیں گے تاکہ کام دوبارہ شروع کرکے اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل کسی بھی معاشرے کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ کھیل نہ صرف جسمانی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ ذہنی صلاحیتوں کو بھی نکھارتے ہیں۔ کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں میں نظم و ضبط، برداشت اور ٹیم ورک جیسی خوبیاں پیدا ہوتی ہیں۔ صحت مند سرگرمیاں نوجوانوں کو منفی رجحانات سے دور رکھ کر مثبت سمت کی جانب گامزن کرتی ہیں، جو ایک مہذب اور مضبوط معاشرے کی بنیاد بنتی ہیں۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ سبی سمیت گردونواح کے علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
Displaying PIX Expo 01.jpg.

