ترکی میں منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران معروف اداکارہ ہانڈے ارچل سمیت شوبز، اسپورٹس اور کاروباری حلقوں سے تعلق رکھنے والی متعدد اہم شخصیات کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
استنبول پراسیکیوٹرز کی جانب سے مجموعی طور پر 16 افراد کے خلاف حراستی احکامات جاری کیے گئے، جن میں نمایاں ناموں میں سابق فٹبال کلب صدور فکریت اورمن اور براق الماس بھی شامل ہیں۔ ان افراد کو استنبول نارکوٹکس کرائم ڈویژن نے تحویل میں لیا۔
تحقیقات کے دائرے میں کاروباری شخصیات حاقان سبانشی اور کریم سبانشی، ماڈل دیدم سوئیدان اور ٹی وی میزبان گزیدی دُران بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق استنبول کے مختلف علاقوں میں بیک وقت 16 مقامات پر چھاپے مارے گئے، جن کے نتیجے میں 14 افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ باقی دو افراد کے وارنٹ جاری کیے گئے ہیں۔
استنبول چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کارروائی کا مقصد معاشرتی اقدار اور خاندانی نظام کا تحفظ ہے۔ بیان کے مطابق ابتدائی شواہد کی بنیاد پر ان افراد کے خلاف کارروائی کی گئی جن پر یا تو منشیات رکھنے یا اس کے استعمال میں معاونت کا شبہ ہے۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات جاری ہیں اور اس معاملے کو مکمل سنجیدگی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے، جبکہ مزید انکشافات بھی متوقع ہیں۔

