تمپ میں پیپلز پارٹی رہنما کے گھر پر حملہ قابل مذمت ہے،حیات خان اچکزئی

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماء حیات خان اچکزائی نے تمپ میں پارٹی رہنماء کے گھر پر ہونے والے مبینہ حملے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک سنگین، قابلِ مذمت اور ناقابلِ قبول اقدام قرار دیا ہے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایم سی تمپ محمد امین کی جانب سے ایک سیاسی کارکن کے گھر پر چڑھائی نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ یہ قانون، آئین اور معاشرتی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بااختیار عہدے پر فائز شخص کا اس طرح چادر اور چاردیواری کے تقدس کو پامال کرنا، خواتین اور معصوم بچوں کو خوفزدہ کرنا اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔حیات خان اچکزائی نے کہا کہ نبیل محمود پاکستان پیپلز پارٹی کے ایک مخلص، نظریاتی اور متحرک کارکن ہیں، اور پارٹی قیادت اپنے کارکنوں کے تحفظ کے لیے ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ذاتی عناد اور سیاسی انتقام کی بنیاد پر اس نوعیت کے اقدامات جمہوری روایات اور سیاسی اخلاقیات کے سراسر منافی ہیں۔انہوں نے حکومت بلوچستان، ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا کہ واقعے کا فوری نوٹس لیا جائے، شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے اور ملوث افراد کے خلاف بلا تاخیر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دی جا سکے اور مستقبل میں ایسے واقعات کا سدباب ممکن ہو۔آخر میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ظلم، ناانصافی اور جبر کے خلاف ہمیشہ آواز بلند کرتی رہے گی اور متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی تک اپنی سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں