ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کے بعد عوام نے متحد ہوکر ثابت کردیا اتحاد و اتفاق سے بڑے دشمن کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملے کے بعد عوام نے متحد ہوکر یہ ثابت کردیا ہے کہ اتحاد و اتفاق سے بڑے سے بڑے دشمن کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے عوام کے اتحاد کے باعث امریکہ اوراسرائیل گھٹنے ٹیکنے اور بھاگنے پر مجبور ہوچکے ہیں،پاکستان کے حکمرانوں، اعلیٰ عہدوں پر بیٹھے افسران اورعوام کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے گریبانوں میں جھانکیں کہ انہوں نے مملکت خدائیداد پاکستان کو کیا دیا ہے ہمیں ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے زئی اورخیلی کی سیاست سے نکل کر ایک قوم ہونا ہوگا۔یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان امن جرگے کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ امریکہ اوراسکے اتحادی اپنے مفادات،معدنیات اور تیل پر کنٹرول حاصل کرنے کیلئے ایک ایک کرکے اسلامی ممالک کو نشانہ بنارہے ہیں اور ایران کے تیل پرقبضے کیلئے امریکہ اوراسرائیلی نے ایران پر حملہ کیا لیکن ایران کے عوام اور پاسداران انقلاب نے متحد ہوکر دشمن کو بھر پور جواب دیا ہے جس کی وجہ سے دشمن ملک گھٹنے ٹیکنے اور بھاگنے پر مجبور ہوگئے ہیں جو عوام کے اتحاد و اتفاق کی بدولت ممکن ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر حملہ مسلم حکمرانوں کیلئے ایک ٹیسٹ کیس ہے اگر مسلمان حکمرانوں نے اب بھی ہوش کے ناخن نہیں لئے تو امریکہ اوراسکے اتحادی ایک ایک کرکے مسلمان ممالک کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیں گے جس کی تمام ترذمہ داری مسلمان حکمرانوں پرعائد ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اتحاد و اتفاق سے بڑی سے بڑی جنگ بھی جیتی جاسکتی ہے جس کا عملی مظاہرہ ایران میں دیکھنے کو مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں بہت کچھ دیا ہے لیکن حکمرانوں،عوام اور اعلیٰ عہدوں پربیٹھے افسران کو بھی یہ سوچنا ہوگا کہ انہوں نے پاکستان کو کیا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں زئی اورخیلی کی سیاست سے نکل کر ایک ہوکر ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہرنعمت سے نوازا ہے اگر ہم ملک کے ساتھ مخلص ہوجائیں تو وہ دن دور نہیں کہ پاکستان سے مسائل کاخاتمہ ہوگا اور ملک ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں