پسنی گزشتہ شب ہونے والی شدید بارش کے بعد ایک بار پھر پسنی شہر پانی میں ڈوب گیا ہے

پسنی (رپورٹر) دیکھیئے پسنی سے ہمارے بیورو چیف سجاد محمد علی کی اس رپورٹ کے مطابق پسنی شہر کے مختلف علاقوں، محلوں اور گلیوں میں بارش کا پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ نشیبی علاقوں میں گھروں کے اندر تک پانی داخل ہو گیا ہے جس سے معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو چکے ہیں۔

چیئرمین پسنی میر نور احمد کلمتی کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی کی ٹیمیں شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے کاموں میں مصروف ہیں۔ عملہ اپنی مدد آپ کے تحت پانی کی نکاسی کے لیے سرگرم ہے اور مشینری بھی استعمال میں لائی جا رہی ہے تاکہ جلد از جلد صورتحال کو بہتر بنایا جا سکے۔

تاہم، اس کے باوجود پسنی شہر کی مرکزی شاہراہوں اور اہم سڑکوں پر نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہا ہے۔ کئی اہم راستے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے اور شہریوں کو آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جا سکے اور آئندہ بارشوں میں اس قسم کی صورتحال سے بچا جا سکے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر بار بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہونا انتظامی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

پسنی کے عوام نے پاکستان کوسٹ گارڈز سے اپیل کی ہے کہ پسنی شہر کے لیے مستقل بنیادوں پر سیوریج کا جدید اور مضبوط نظام جلد سے جلد تیار کیا جائے تاکہ شہریوں کو بار بار اس اذیت ناک صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں