بھاگ(رپورٹر) بھاگ شہر اور اس کے گردونواح میں مچھروں کی بھرمار نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں مچھروں کی افزائش تیزی سے جاری ہے جس کے باعث عوام شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ محکمہ صحت اس سنگین مسئلے کے حل میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہا ہے۔شہریوں کی جانب سے اس مسئلے پر بارہا آواز اٹھائی گئی اور متعدد بیانات بھی سامنے آئے تاہم اس کے باوجود عملی طور پر کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا رہے۔ مچھروں کی بڑھتی ہوئی تعداد نہ صرف عوام کے لیے ایک مسلسل اذیت بن چکی ہے بلکہ یہ مختلف خطرناک بیماریوں کا سبب بھی بن رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ مچھروں کی افزائش کے باعث ملیریا اور دیگر موسمی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے لیکن متعلقہ حکام اور محکمہ صحت کے افسران اس صورتحال پر قابو پانے میں سنجیدہ نظر نہیں آ رہے۔عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شہر میں اسپرے مہم شروع کی جائے اور مچھروں کی افزائش کے خاتمے کے لیے مؤثر اور ہنگامی اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو اس عذاب سے نجات دلائی جا سکے۔

