گوادر(این این آئی)گوادر ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایات کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی گوادر اور پسنی کی ٹیموں نے گزشتہ شب گوادرمیں ہونے والی بارش کے فوراً بعد مؤثر اور بروقت کارروائیاں کرتے ہوئے شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے نظام کو بحال کر دیا۔اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر گوادر سعد کلیم ظفر اور اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متحرک رہیں، جبکہ چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ماجد جوہر اور چیف آفیسر مکتوم موسی کی زیرِ نگرانی بلدیہ کے عملے نے پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بننے والے مقامات کی صفائی کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کا عمل بھی مسلسل جاری رکھا۔علی الصبح بھی ضلعی انتظامیہ اور بلدیہ کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود رہیں اور شہر کے مختلف علاقوں سے بارش کے جمع شدہ پانی کی نکاسی کے لیے مشینری اور دستی وسائل بروئے کار لائے گئے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ضلعی انتظامیہ گوادر کے ہدایت کے مطابق بلدیہ گوادر کے عملے نے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور صفائی و نکاسی آب کے عمل میں تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور تمام متعلقہ ادارے ہمہ وقت عوامی خدمت کے لیے تیار ہیں۔

