عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے، ونگ کمانڈر علی مہدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی اسداللہ

نوکنڈی (این این آئی) نوکنڈی کے نواحی علاقہ مشکیچہ میں ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) دالبندین رائفلز کے زیر اہتمام ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ونگ کمانڈر علی مہدی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر چاغی اسداللہ، ایس ایچ او غلام دستگیر بڑیچ سمیت مقامی عمائدین اور معززین علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔کھلی کچہری کا مقصد مقامی عوام کو درپیش مسائل کو براہ راست سننا اور ان کے فوری اور مؤثر حل کے لیے اقدامات کرنا تھا۔ اس موقع پر شرکاء نے تعلیم اور صحت کے شعبوں سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کے حکام نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت اور علاقے کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے مقامی افراد نے ایف سی بلوچستان (ساؤتھ) کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کے عوامی رابطہ پروگرام مستقبل میں بھی جاری رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں