ویمن سکل سنٹر بیروزگار خواتین،بچیوں کیلئے ہنر سیکھنے، خود کفیل بننے،باعزت روزگارکے حصول کابہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا،انجمن تاجران کمیٹی بلوچستان

پنجگور(این این آئی) انجمن تاجران کمیٹی کے صدر اور معروف سماجی رہنما فرید احمد نے خدابادان اپنے علاقے میں قائم ویمن اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کو ایک قابلِ تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے اسے روشن مستقبل کی جانب ایک اہم سنگِ میل سے تعبیر کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سنٹر بے روزگار خواتین اور بچیوں کے لیے ہنر سیکھنے، خود کفیل بننے اور باعزت روزگار حاصل کرنے کا ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف خواتین کی صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ انہیں معاشرے کا باوقار اور فعال حصہ بننے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔فرید احمد نے مزید کہا کہ ایف سی پنجگور کے کمانڈنٹ بریگیڈیئر ظفر اقبال کی خصوصی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔ انہوں نے علاقے کی خواتین اور بچیوں کے محفوظ اور روشن مستقبل کے لیے ایک مؤثر اور مثالی قدم اٹھایا ہے۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ علاقے کی ترقی، خواتین کی بااختیاری اور معاشی استحکام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جو ان شاء اللہ مستقبل میں مثبت نتائج دے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کے مثبت اور تعمیری اقدامات کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سے مستفید ہو سکیں۔فرید احمد نے کہا کہ خدابادان میں اس نوعیت کا سنٹر پہلی بار قائم کیا گیا ہے، جس کا مقصد بے روزگار خواتین کی حوصلہ افزائی کرنا، بچیوں کو قرآنِ پاک حفظ کرنے کے مواقع فراہم کرنا اور مختلف ہنر سکھا کر انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ سنٹر کو مؤثر انداز میں چلانے اور اس کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ماہر اور تجربہ کار خواتین اسٹاف کی تعیناتی نہایت ضروری ہے، تاکہ تربیت کا معیار بلند ہو اور خواتین کو عملی طور پر بھرپور فائدہ حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اگر اس سنٹر کو منظم منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ انداز میں چلایا جائے تو یہ نہ صرف اپنے اخراجات خود پورے کرنے کے قابل ہو سکتا ہے بلکہ مستقبل میں اس کی مزید شاخیں بھی قائم کی جا سکتی ہیں، جس سے دور دراز علاقوں کی خواتین کو بھی ہنر سیکھنے اور باعزت روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں