پسنی : ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا پسنی میں ہنگامی دورہ

پسنی (رپورٹر) پسنی میں حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے پسنی کا ہنگامی دورہ کیا۔ دورے کے دوران ان کی سربراہی میں میونسپل کمیٹی پسنی کے دفتر میں ایک تفصیلی اور اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی پسنی عادل بشیر، چیئرمین میر نور احمد کلمتی، وائس چیئرمین فہیم علی جوہر، تمام وارڈ کونسلران، پرسنل سیکرٹری ایم پی اے وسیم صمد، بی این پی کے مرکزی رہنما کہدہ علی اور ماہیگیر رہنما عزیز اسماعیل سمیت دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔

اجلاس میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے، نکاسی آب کے ناقص نظام، سڑکوں کی تباہی، اور عوام کو درپیش مشکلات پر تفصیل سے بات چیت کی گئی۔ خصوصاً پاک عمان ہسپتال جانے والی مرکزی سڑک کی جاری کنسٹرکشن کے دوران شگاف کے سبب آمدورفت کی معطلی پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ متبادل راستوں کی فراہمی اور فوری مرمت کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

اس کے علاوہ شہر کے مختلف محلوں اور گلیوں میں بارش کے بعد صفائی کی ابتر صورتحال، کچرے کے ڈھیر، اور نالیوں کی بندش جیسے مسائل بھی زیر بحث آئے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ فوری بنیادوں پر صفائی ستھرائی کا عمل تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو مزید مشکلات سے بچایا جا سکے۔

تمام وارڈ کونسلران نے اپنے اپنے علاقوں کے مسائل تفصیل سے بیان کیے اور اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ اس ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ عملی تعاون دیکھنے میں نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو نقصانات کو کافی حد تک کم کیا جا سکتا تھا۔

وائس چیئرمین پسنی فہیم علی جوہر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری اور ان کی ٹیم کی جانب سے بارشوں کے بعد نکاسی آب اور دیگر مسائل کے حل کے لیے کوئی مؤثر اور فوری اقدامات نہیں کیے گئے، جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایم پی اے گوادر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور پی ڈی ایم اے کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پسنی کو اس مشکل گھڑی میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا ہے، جو کہ انتہائی افسوسناک امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے، جس میں کوتاہی ناقابل قبول ہے۔

انہوں نے میونسپل کمیٹی پسنی کی پوری ٹیم، خصوصاً چیف آفیسر عادل بشیر، چیئرمین میر نور احمد کلمتی، وائس چیئرمین فہیم علی جوہر اور تمام عملے کی شبانہ روز محنت اور ہمت کو سراہا اور کہا کہ محدود وسائل کے باوجود ان کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ہر ممکن سطح پر پسنی کے مسائل کو اجاگر کریں گے اور حل کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

چیئرمین پسنی میر نور احمد کلمتی نے اجلاس میں بتایا کہ موجودہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری طور پر بھاری مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس، صفائی کے آلات اور دیگر ضروری ساز و سامان کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر وسائل فراہم کریں تاکہ نکاسی آب، صفائی ستھرائی اور متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے مکمل کیا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ تمام متعلقہ ادارے اور نمائندے مل کر پسنی کو اس بحران سے نکالنے کے لیے مشترکہ کوششیں کریں گے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں