کوئٹہ (این این آئی)امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولاناہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ بے روزگاری ومنشیات نے غربت وبے راہ روی میں اضافہ کرکے ہسپتال وقبرستان آبادتعلیمی ادارے وکھیل کے میدان ویران کردیے۔امن ترقی وخوشحالی کیلئے معیاری تعلیم،عدل وانصاف آسان وعام کرکے تجارت کیلئے بارڈرزکے دروازے کھول دیے جائے تاکہ کرائمزومشکلات اورپریشانیوں میں کمی آجاسکیں۔منشیات،بے راہ روی کے راستے حکومت انتظامیہ وعوام سیاسی سماجی تنظیمیں ملکرروک سکتے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز اپنے دورہ جیونی کے موقع پرڈی ایس پی جیونی زاہد حسین اور ایس ایچ او عارف درجان سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔اس موقع پر ضلعی کور کمیٹی،جماعت اسلامی ودو تحریک جیونی کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔گزشتہ روز ممکنہ وائن اسٹور کے خلاف علماء کرام،معززین اور سیاسی و سماجی شخصیات سے ہونے والی نشست کے بعد یہ خصوصی ملاقات جیونی پولیس کے ذمہ داران کے ساتھ کی گئی، جس میں علاقے کے امن و امان اور منشیات فروشی، بالخصوص ممکنہ وائن اسٹور کے قیام کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ڈی ایس پی جیونی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس ٹیم اپنی استطاعت کے مطابق امن و امان کی بہتری کے لیے کوشاں ہے اور رواں ماہ منشیات فروشی،خصوصاً شراب فروشی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نصف درجن ایف آئی آر درج کی گئی ہیں۔ہم اپنی کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں تاکہ علاقے کو پر امن بنائیں اور معاشرے کو منشیات کی ناسور سے تحفظ دے سکیں۔امیرجماعت اسلامی بلوچستان ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمان نے جیونی میں پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جب بھی وہ جیونی کا دورہ کرتے تھے تو عوامی حلقوں کی جانب سے پولیس کے حوالے سے شکایات سامنے آتی تھیں، تاہم اس بار انہیں محسوس ہوا کہ عوامی شکایات میں واضح کمی آئی ہے جو پولیس کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر وائن اسٹور کے لائسنس اقلیت کے نام پر حاصل کر کے شراب مسلم نوجوانوں کو فروخت کی جاتی ہے تو اس کے خلاف پولیس اپنی کارروائی جاری رکھے، اور اس سلسلے میں انہوں نے اپنی مکمل حمایت اور تائید کا اظہار کیا۔

