مسائل کے حل،ترقی،خوشحالی، انصاف اورپائیدارامن کے قیام کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، بشیر احمد ماندائی

کوئٹہ(این این آئی)نائب امیر جماعت اسلامی بلوچستان بشیر احمد ماندائی نے کہاہے کہ مسائل کے حل،ترقی،خوشحالی، انصاف اورپائیدارامن کے قیام کے لیے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔انہوں نے کہا کہ وسائل سے مالامال بلوچستان آج اپنے اورغیروں کی بدعنوانی،لاقانونیت اور بے حسی کے باعث شدید مسائل اور بدامنی کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں مختلف جماعتوں اور حکمرانوں کو آزمانے کے باوجود عوام کو صرف پریشانی، مشکلات،بدعنوانی اور بدامنی میں اضافہ ہی ملا ہیجبکہ اب واحد امید جماعت اسلامی ہے جس پر اعتماد کر کے عوام حقیقی خوشحالی کی جانب گامزن ہو سکتے ہیں۔ان خیالات کاانہوں نے ڈیرہ مراد جمالی میں جماعت اسلامی نصیر آباد کے ارکان و امیدوارانِ رکنیت کے اجلاس برائے جائزہ و پلاننگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس مرکز جماعت اسلامی ڈیرہ مراد جمالی میں امیر جماعت اسلامی نصیر آباد کی سربراہی میں منعقد ہواجس میں ارکان جماعت اور امیدواران کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔اجلاس میں تنظیمی استحکام،رکنیت سازی مہم کو مزید مؤثر بنانے، عوامی مسائل کے حل کے لیے جدوجہد تیز کرنے اور آئندہ سیاسی و تنظیمی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کو عوامی سطح پر مزید فعال اور مضبوط بنایا جائے گا تاکہ صوبے کو درپیش مسائل کا مؤثر حل ممکن ہو سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں