سبی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے دوران اشتہاری ملزم سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا گیا

سبی(رپورٹر)سبی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے دوران اشتہاری ملزم سمیت متعدد ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کرلیا گیا۔ایس ڈی پی او سبی خادم حسین مگسی نے سٹی تھانہ میں ایس ایچ او سٹی غلام علی ابڑو، ایڈیشنل ایس ایچ او عبدالرؤف مرغزانی، انسپیکٹر خالد حسین٬ انسپیکٹر راجہ وقاص٬اے ایس آئی محمدخان ہاڑہ و دیگر افسران کے ہمراہ میڈیا کو ایک ماہ کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یہ کارروائیاں ڈپٹی انسپیکٹر جنرل آف پولیس سبی رینج برکت حسین کھوسو اور ایس ایس پی سبی شاہنواز چاچڑ کی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ مختلف کارروائیوں کے دوران ایک اشتہاری ملزم سمیت کئی مطلوب افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کو بھی حراست میں لے کر ان کے قبضے سے مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔ایس ڈی پی او کے مطابق مزید کارروائیوں کے دوران پولیس نے تین پستول برآمد کیے جبکہ ڈکیتی کے دوران چھینے گئے چھ موٹر سائیکل بھی بازیاب کرا لیے گئے۔ مجموعی طور پر آٹھ ملزمان کو گرفتار کیا گیا جو مختلف جرائم میں ملوث پائے گئے، جن کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ مقامی معتبرین اور شہریوں کے تعاون سے بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن تاریں چوری کرنے والے ایک گروہ کو بھی گرفتار کیا گیا، جو مختلف علاقوں سے کھمبوں کی تاریں کاٹ کر لے جاتا تھا۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جرائم کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں