کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے زہری اور نوشکی کے علاقوں میں کرفیو کے نفاذ کو ریاستی جبر اور نااہلی کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے اور اپنی ناکامی کو چھپانے کے لیے بے گناہ عوام کو سزا دی جا رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ کرفیو کے نام پر لوگوں کو گھروں میں محصور کر کے ان کی نقل و حرکت، روزگار اور بنیادی حقوق سلب کیے جا رہے ہیں، جو کسی بھی مہذب معاشرے میں ناقابلِ قبول ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ حکمرانوں کے امن و امان کے کھوکھلے دعوے زمین بوس ہو چکے ہیں اور زمینی حقائق اس کے برعکس ایک بدترین صورتحال کی عکاسی کر رہے ہیں۔ زہری اور نوشکی کے عوام کو دانستہ طور پر اذیت میں مبتلا رکھا جا رہا ہے، جہاں بیماروں کو علاج، مزدوروں کو روزگار اور طلبہ کو تعلیم سے محروم کیا جا رہا ہے۔ یہ صورتحال نہ صرف حکومتی ناکامی بلکہ عوام دشمن پالیسیوں کا کھلا ثبوت ہے۔بلوچستان نیشنل پارٹی نے واضح کیا کہ اگر فوری طور پر کرفیو ختم نہ کیا گیا اور عوام کو ریلیف فراہم نہ کیا گیا تو سخت عوامی ردعمل سامنے آ سکتا ہے، جس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔

