ڈیرہ بگٹی (این این آئی)ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی نے محکمہ صحت کے ہمراہ اہم کوآرڈینیشن میٹنگ کی، جس میں ضلع میں طبی سہولیات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بعد ازاں، ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ او کے ہمراہ MGQH بیکڑکا دورہ کیا اور لیبر روم کے لیے حفظانِ صحت (Hygienic) کٹس تقسیم کیں۔اس موقع پر ہسپتال کے لیے جدید طبی مشینری بشمول ایکسرے یونٹ، اینستھیزیا مشین، کیمسٹری اینالائزر اور الٹراساؤنڈ مشین فراہم کی گئی، جو علاقے میں علاج معالجے کے معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔ دورے کے دوران پولیو مہم کے حوالے سے ‘ریڈینس میٹنگ’ بھی منعقد ہوئی جس میں مائیکرو پلاننگ اور UPEC امور پر مشاورت کی گئی۔تقریب کے دوران ڈی ایچ او ڈیرہ بگٹی، ڈاکٹر اعظم مسوری بگٹی کی پیشہ ورانہ خدمات اور قلیل عرصے میں محکمہ صحت میں کی جانے والی اصلاحات کو بھرپور طریقے سے سراہا گیا۔ علاقہ مکینوں نے طبی سہولیات کی فراہمی پر انتظامیہ اور محکمہ صحت کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

