سوراب،حساس اداروں نے تخریب کاری کی کوشش ناکام بنا کر 300کلو گرام سے زائد بارودی مواد قبضے میں لے لیا

کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے ضلع سوراب میں حساس اداروں کی کاروائی تخریب کاری کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 300 کلوگرام سے زائد بارودی مواد برآمد کر لیا۔ سیکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق اتوار کو حساس اداروں کو اطلاع ملی تھی کہ شر پسند عناصر نے ضلع سوراب کے علاقے حاجیکا میں قومی شاہراہ پر ایک پل کے نیچے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا ہے جس پر فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے ایک آئی ڈی کے ساتھ منسلک 8 بیرلز میں نصب 320 کلوگرام سے زائد بارودی مواد برآمد کر کے ناکارہ بنا دیا سیکیورٹی فورسز ذرائع کے مطابق بارودی مواد علاقے میں تخریب کاری کی بڑی کاروائی کی غرض سے نصب کیا گیا تھا جس سے بڑے پیمانے پر جانی اور مالی نقصان کا اندیشہ تھا تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کاروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں ممکنہ دہشتگردوں کی تلاش شروع کر دی ہے مزید کاروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں