کوئٹہ(این این آئی) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈز (پی پی اے ایف) کا صوبہ بلوچستان میں غریب اور کمزور کمیونیٹیز بالخصوص دیہی علاقوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ہے۔ لوگوں کو غربت سے بازیافت کرنے میں مدد کیلئے وسائل اور خدمات تک رسائی فراہم کرنے والی تمام کوششیں خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ اسکے علاوہ صوبہ میں زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں ویلیو چینز اور مارکیٹ روابط کو بہتر بنانے کے بہت مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ گورنر مندوخیل نے پی پی اے ایف پر زور دیا کہ وہ صوبہ کے دورافتادہ اور پسماندہ علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں تعاون فراہم کریں تاکہ غربت اور پسماندگی کے خاتمہ ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پاورٹی ایلیوشن فنڈز کے صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عبد الرحمٰن خان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین لائیو سٹاک کیلئے زیادہ سودمند ہے اور مالداری سے ہماری کل آبادی کے ایک بڑے حصے کی روزی روٹی لائیو سٹاک سے وابستہ ہے لیکن پچھلے کئی عشروں سے بارشوں کی کمی اور خشک سالی کی وجہ سے مجموعی طور پر لائیو سٹاک کو بہت نقصان پہنچا ہے. انہوں نے کہا کہ گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں پورے سیارہ زمین کے اوسط درجہ حرارت میں بتدریج اضافے اور رونما ہونے والے نقصاندہ پہلوؤں کی بڑی ذمہ داریاں ترقی یافتہ صنعتی ممالک پر عائد ہوتی ہیں لیکن ان کے منفی اثرات دنیابھر کے تمام ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں.

