گوادر کو باضابطہ طور پر میونسپل کارپوریشن کا درجہ دے دیا گیا

گوادر (این این آئی)گوادر کو باضابطہ طور پر میونسپل کارپوریشن کا درجہ دے دیا گیا ہے، اس حوالے سے حکومت بلوچستان کے محکمہ لوکل گورنمنٹ بلوچستان کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔سرکاری اعلامیہ میں گوادر کو میونسپل کارپوریشن کا درجہ دینے کا فیصلہ شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی، تیزی سے پھیلتی شہری حدود اور جاری ترقیاتی منصوبوں کے پیش نظر کیا گیا۔ اس اقدام سے شہری سہولیات کی فراہمی، بلدیاتی نظام کی بہتری اور مقامی سطح پر فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔ نئے درجے کے تحت گوادر میں صفائی، پانی، سیوریج، سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے زیادہ وسائل اور اختیارات میسر آئیں گے۔ اس کے علاوہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کا کردار بھی پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگا۔یاد رہے کہ گوادر کو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت خصوصی اہمیت حاصل ہے، اور حالیہ فیصلے کو اسی تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں