لسبیلہ(بیوروچیف حفیظ دانش) شہر اوتھل اور اس کے گرد و نواح میں مچھروں کی تعداد میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے، جس کے باعث شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مچھروں کی بہتات نے معمولاتِ زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے، خصوصاً بزرگ، بچے اور خواتین رات بھر جاگنے پر مجبور ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق مچھروں کی یلغار کے باعث مختلف بیماریوں، بالخصوص ملیریا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جس پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ صفائی کی ناقص صورتحال اور جگہ جگہ کھڑے پانی نے مچھروں کی افزائش میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اوتھل عوامی حلقوں نے ضلعی صحت کے افسر فرید اللہ ہاشمی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سید سومار شاہ کاظمی اور چیف آفیسر حاجی محمد خان دودا سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں ہنگامی بنیادوں پر مچھر مار اسپرے کیا جائے،۔واضح رہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے اور وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ سکتا ہے۔

