سبی(رپورٹر)محکمہ لائیو اسٹاک کے ڈیری فارم، ریسرچ سینٹر سمیت دیگر ذیلی دفاتر میں اہم ذمہ دار افسران کی غیر حاضری کے انکشافات سامنے آئے ہیں، جبکہ دیگر مستقل ملازمین کی جگہ نجی افراد سے کام لینے کا بھی انکشاف ہوا ہے جس پر شہریوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق متعدد دفاتر میں سینئر افسران اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کے بجائے اکثر غائب رہتے ہیں، جس کے باعث سرکاری امور متاثر ہو رہے ہیں۔ حیران کن طور پر مستقل دیگر ملازمین کی جگہ پرائیویٹ ملازمین تعینات کیے گئے ہیں جو نہ تو سرکاری طور پر بھرتی ہیں اور نہ ہی ان کے پاس متعلقہ تجربہ موجود ہے۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ محکمہ لائیو اسٹاک جیسے اہم ادارے میں اس قسم کی بے ضابطگیاں نہ صرف سرکاری نظام پر سوالیہ نشان ہیں بلکہ مویشی پال حضرات اور کسانوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ڈیری فارم اور ریسرچ مراکز میں عملے کی غیر حاضری کے باعث تحقیقاتی اور پیداواری سرگرمیاں بھی متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔اہلیان سبی نے حکومت بلوچستان اور اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر حاضر افسران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور غیر قانونی طریقے سےپرائیویٹ ملازمین سے ڈیوٹی لینا بند کیاجاۓ تاکہ ادارے کی کارکردگی بہتر بنائی جا سکے

