سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ انتہائی کم ہے مہنگائی کو مدنظررکھتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں 50فیصد اضافہ کیا جائے،اختر بلوچ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنما اختر بلوچ، ندامحمد اور پیپلز لیبر بیوروبلوچستان کے صدر شاہجہان گجر نے وفاقی بجٹ2025-26ء کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ انتہائی کم ہے مہنگائی کو مدنظررکھتے ہوئے ملازمین کی تنخواہوں میں 50فیصد اضافہ کیا جائے۔یہاں جاری ہونے والے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10اور پنشن میں 7فیصداضافے کو پاکستان پیپلز پارٹی مسترد کرتی ہے یہ بجٹ ایک عوام دشمن بجٹ ہے جس میں عوام اور سرکاری ملازمین کیلئے کچھ نہیں رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں ای او بی آئی پنشن اور مزدور کی کم از کم اجرت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے اورنہ ہی محنت کش اور تنخواہ دار طبقے کیلئے کسی بھی قسم کی مراعات دی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کا مطالبہ ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں مہنگائی کے تناسب سے 50فیضد اضافہ اور تمام ایڈہاک الاونسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے اور تمام ڈیلی ویجز ملازمین کو فوری طور پر مستقل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں سرکاری ملازمین اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے تھے لیکن موجودہ وفاقی حکومت نے عوام اور سرکاری ملازمین کو کوئی ریلیف فراہم نہیں کیا ہے پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی بجٹ کو مستردکرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں