کوئٹہ(این این آئی)کوئٹہ میں اسکول داخلہ مہم 2026 کے سلسلے میں ایک اہم آگاہی و تربیتی سیشن ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) شیر احمد سمالانی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں مڈل سیکشن کے اسکول ہیڈز نے بھرپور شرکت کی، جبکہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر سید نصیر علی شاہ بطورِ مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔اجلاس میں مختلف ماہرینِ تعلیم نے جدید لیسن پلاننگ، تدریسی حکمتِ عملیوں اور طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے حوالے سے جامع سیشنز پیش کیے، جن سے شرکاء نے بھرپور استفادہ کیا۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (میل) شیر احمد سمالانی نے نہایت پْراثر اور ولولہ انگیز خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم صرف ایک محکمانہ ذمہ داری نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ ہے، اور ہم سب اس کے امین ہیں۔ جب تک ہمارے علاقے کا ہر بچہ اسکول میں داخل نہیں ہوتا، ہماری کوششیں مکمل نہیں ہو سکتیں۔انہوں نے مزید کہاکہ داخلہ مہم محض ایک مہم نہیں بلکہ ایک تحریک ہے، جس کا مقصد ہر بچے کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا ہے۔ ہمیں گھر گھر جا کر والدین کو قائل کرنا ہوگا کہ تعلیم ہی ان کے بچوں کا اصل سرمایہ ہے۔شیر احمد سمالانی نے اساتذہ اور اسکول سربراہان کو ہدایت دیتے ہوئے کہاآپ صرف استاد نہیں، بلکہ قوم کے معمار ہیں۔ آپ کی محنت سے ہی بلوچستان کا مستقبل روشن ہوگا۔ لہٰذا اپنی ذمہ داری کو محض ڈیوٹی نہ سمجھیں بلکہ اسے ایک مشن کے طور پر اپنائیں۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہاکہہمیں ایسے تعلیمی ماحول کو فروغ دینا ہے جہاں بچہ صرف پڑھنا ہی نہیں بلکہ سیکھنا، سوچنا اور آگے بڑھنا بھی سیکھے یہی حقیقی تعلیم ہے۔ انہوں نے واضح کیاکہ کمیونٹی کے ساتھ مضبوط رابطہ، والدین کا اعتماد اور اساتذہ کی لگن یہ تین عناصر داخلہ مہم کی کامیابی کی بنیاد ہیں۔ اگر ہم سب مل کر کام کریں تو کوئی بچہ اسکول سے باہر نہیں رہے گا۔مہمانِ خصوصی ڈاکٹر سید نصیر علی شاہ نے بھی اپنے خطاب میں داخلہ مہم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اسکول ہیڈز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے ادا کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بچوں کے داخلے کو یقینی بنائیں۔اجلاس کے اختتام پر مختلف تعلیمی مسائل پر گفتگو کی گئی، جن کے حل کے لیے متعلقہ حکام نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

