کوئٹہ(این این آئی) رکن بلوچستان اسمبلی حلقہ پی۔بی 44 اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر عبید گورگیج نے نئے تعلیمی سال کے آغاز کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ایک مثبت اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو تعلیمی سال کے آغاز پر درسی کتب کی بروقت فراہمی نہایت اہم اقدام ہے، جس سے ان کی تعلیمی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہتی ہیں۔ انہوں نے بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے درسی کتب کی بروقت فراہمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں تک کتب کی ترسیل ایک بڑا چیلنج ہوتا ہے، تاہم اس کے باوجود بہتر کارکردگی کا مظاہرہ قابل تحسین ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس اقدام سے طلبہ کو بروقت تعلیمی سہولیات میسر آئی ہیں، جو ان کے روشن مستقبل کیلئے نہایت اہم ہے۔ میر عبید گورگیج نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور خاص طور پر حلقہ پی۔بی 44 میں تعلیمی اداروں کی ترقی، سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام اور طلبہ کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھیں گے تاکہ بلوچستان کے نوجوان تعلیم کے میدان میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

