گزشتہ تین ماہ میں کھلی کچہریوں میں اساتذہ،ڈاکٹرز کی غیر حاضری کی شکایات کا ایک فیصد کم رہنا بہتر مانیٹرنگ،مؤثر گورننس کا ثبوت ہے، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وڑن کے مطابق صوبے میں ادارہ جاتی اصلاحات، گڈ گورننس اور مؤثر سروس ڈلیوری کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں صوبے کی تاریخ میں پہلی بار بہتر طرز حکمرانی کا عملی ثبوت سامنے آیا ہے جہاں اسکولوں میں اساتذہ اور اسپتالوں میں ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق عوامی شکایات کا مؤثر انداز میں ازالہ کیا گیا ہے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ گزشتہ تین ماہ کے دوران کھلی کچہریوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری سے متعلق شکایات ایک فیصد سے بھی کم رہ گئی ہیں جو کہ حکومت کی بہتر مانیٹرنگ اور مؤثر گورننس کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے اشاریوں میں نمایاں بہتری خوش آئند ہے اور اس سے عوام کا اعتماد حکومتی اقدامات پر مزید مستحکم ہوا ہے انہوں نے بتایا کہ کھلی کچہریوں میں عوامی شکایات کا ایک بڑا مسئلہ اساتذہ اور ڈاکٹرز کی غیر حاضری تھا تاہم مربوط حکمت عملی، سخت نگرانی اور بروقت شنوائی کے باعث اس مسئلے پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے اب صورتحال یہ ہے کہ اداروں میں حاضری کو یقینی بنایا جا چکا ہے اور سروس ڈلیوری میں واضح بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گزشتہ 9 ماہ کے دوران بلوچستان کے 36 اضلاع میں مجموعی طور پر 412 کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا گیا، جن میں 3675 شکایات موصول ہوئیں ان شکایات کی بڑی تعداد تعلیمی اور صحت کے اداروں کی بندش اور عملے کی غیر حاضری سے متعلق تھی تاہم رواں سال مارچ کے مہینے میں موصول ہونے والی 871 شکایات میں سے صرف چار شکایات غیر حاضری سے متعلق تھیں جو اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ اصلاحاتی اقدامات مؤثر ثابت ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں میں اساتذہ اور ڈاکٹرز کی حاضری سے متعلق شکایات کا کم تناسب اس بات کا مظہر ہے کہ انتظامیہ عوامی مسائل کو سنجیدگی سے سن رہی ہے اور بروقت حل فراہم کر رہی ہے اب جبکہ غیر حاضری جیسے بنیادی مسائل پر قابو پایا جا چکا ہے عوام کی جانب سے سروس ڈلیوری سے متعلق دیگر مسائل کی نشاندہی کی جا رہی ہے، جن کے حل کے لیے بھی حکومت متحرک ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اصلاحاتی ایجنڈے پر مؤثر عملدرآمد اور گورننس کی بہتری کے لیے چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کے فعال کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکرٹریز کمیٹی اور ڈویڑنل و ضلعی انتظامی سربراہان کے اجلاسوں کا تسلسل سے انعقاد گڈ گورننس کے اہداف کے حصول میں معاون ثابت ہوا ہے انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں گڈ گورننس اور شفافیت کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل اور سہولیات کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کا ہر اسکول اور اسپتال فعال کرکے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے الحمدللہ ڈاکٹرز اور اساتذہ کی حاضری اور تعلیمی و صحت کے اداروں کی فعالیت ایک مؤثر اور جوابدہ نظام حکمرانی کی واضح علامت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں