کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں شیخ زاید ہسپتال کی اینجیوگرافی مشین کی منتقلی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے علاقے کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینجیوگرافی جیسی اہم طبی سہولت کی منتقلی نہ صرف مریضوں کے لیے مشکلات میں اضافہ کرے گی بلکہ مقامی سطح پر علاج معالجے کے نظام کو بھی شدید نقصان پہنچے گا۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت کی یہ پالیسی انتہائی افسوسناک ہے کہ نئے ادارے بنانے کے بجائے پہلے سے قائم اور فعال اداروں کو کمزور یا تباہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی دوسرے مقام پر سہولیات منتقل کی جا سکیں۔ انہوں نے اس عمل کو عوام دشمن پالیسی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے صحت کے شعبے میں عدم مساوات اور محرومیوں میں اضافہ ہوگا۔بیان میں کہا گیا کہ فوری طور پر فیصلہ واپس لیا جائے اور شیخ زاید ہسپتال میں اینجیوگرافی کی سہولت کا آغاز کیا جائے تاکہ عوام کو بروقت اور معیاری علاج میسر آ سکے۔ بصورت دیگر، بلوچستان نیشنل پارٹی اس غیر منصفانہ اقدام کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔

