کوئٹہ(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما سیدجہانگیرشاہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں حکومت،پاک فوج اور حساس اداروں کی کوششوں سے امن وامان بحال ہوچکا ہے اوردہشتگردوں کی کمرتوڑ کر رکھ دی گئی ہے،افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں سے افغان عوام میں بھی چیف آف ڈیفنس مقبول ہوگئے ہیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں سید جہانگیرشاہ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب تھی جس سے شہریوں اورعوام میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا تھا وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف،چیف آف ڈیفنس سید عاصم منیر،ڈی جی آئی ایس پی آرلیفٹیننٹ جنرل حمد شریف چوہدری اور سیکٹرکمانڈر آئی ایس آئی بلوچستان اوردیگر اداروں کی ذاتی کوششوں سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں کے بعد امن و امان کی صورتحال میں کافی حد تک بہتری آئی ہے اور دہشتگردوں کی کمرتوڑ کررکھ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائیوں سے عوام میں تحفظ کا احساس بڑھایا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم عوام کے جان و مال اور ملک کی سرحدوں کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اورانکے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک فوج نے افغانستا ن میں دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا ہے اور جس سے دہشت گرد بوکھلاہٹ کا شکارہوچکے ہیں۔انہوں نے کہاکہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے بعد چیف آف ڈیفنس سید عاصم منیر کی افغان عوام میں بھی مقبولیت بڑھ گئی ہے۔

