بلوچستان،4 اپریل تک گرج چمک،ژالہ باری کیساتھ شدید بارشوں کا الرٹ

کوئٹہ(این این آئی) محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں 4 اپریل تک تیز ہواؤں، گرج چمک اور ژالہ باری کے ساتھ درمیانی سے شدید بارشوں کا الرٹ جاری کرتے ہوئے فلیش فلڈنگ اور دریاؤں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو پنجگور، تربت، کیچ، آواران، مکران کے ساحلی علاقے (گوادر، پسنی، اورماڑہ)، لسبیلہ، خضدار، خاران، چاغی، دالبندین، سبی، سوراب، کوہلو، بارکھان، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفر آباد، اوستہ محمد، کوئٹہ، دکی، کچھی، صحبت پور، مستونگ، لورالائی، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل اور قلات سمیت متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث ساحلی علاقوں، خضدار، جھل مگسی، آواران، خاران، قلات، مستونگ، کیچ، کوہلو، سبی، کچھی، لسبیلہ، ژوب، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، بولان، کوئٹہ، نوشکی، ہرنائی اور زیارت میں فلیش فلڈنگ جبکہ مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔ اسی طرح دریائے ناڑی، پورالی، حب اور ہنگول میں بھی پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق تیز آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور ڈھانچوں جیسے بجلی کے کھمبے، بل بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ دن کے درجہ حرارت میں کمی کا بھی امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ٹرانسپورٹرز، مسافروں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں