کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور سیلاب سے 7 افراد جاں بحق اور 4افراد زخمی ہوگئے،پی ڈی ایم اے کی جانب سے بلوچستان میں حالیہ بارش اور سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ہے رپورٹ کے مطابق بارش اور سیلاب سے صوبے مختلف اضلاع ہرنائی،کوہلو،تربت،جعفرآباد، لورالائی اور کچھی میں 7 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے اس کے علاوہ بالا ناڑی میں پشتہ ٹوٹنے سے 100 مکانات تباہ اور 50 مویشی ہلاک ہوئے جب کہ بالاناڑی میں 400 ایکڑ زرعی زمین بھی زیرِآب آگئی۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ ہرنائی اور قلعہ عبداللہ میں تقریباً 100 مکانات کو نقصان پہنچا ہے جب کہ جھل مگسی میں سیلابی ریلے کے باعث گنداواہ نوتال روڈ بند ہوگئی۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز آسمانی بجلی گرنے سے لورالائی اور کچھی میں 2 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ لورالائی میں دیوار گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا، کوہلو میں چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا جبکہ جعفر آباد میں ایک بچہ ندی میں بہہ کر جاں بحق ہوا، کیچ میں دو افراد پانی میں بہہ گئے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ روز بارش کے باعث ہرنائی تا کوئٹہ اور کوئٹہ تا سنجاوی قومی شاہراہ مختلف مقامات پر بہہ جانے سے بند ہو گئی قومی شاہراہوں کی بحالی کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

