اوستا محمد (عابدعلی) اوستا محمد، جعفرآباد، جھل مگسی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ملحقہ علاقوں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس نے معمولاتِ زندگی کو شدید متاثر کر دیا ہے۔
مسلسل بارشوں کے باعث جہاں ایک طرف شہری اور دیہی علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، وہیں دوسری جانب گندم کی تیار فصل کو بھی شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ کھیتوں میں کھڑی فصل بارش کے پانی سے متاثر ہو رہی ہے، جبکہ کٹائی کے لیے تیار گندم کے ضائع ہونے کا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
نکاسی آب کا نظام ناکام ہونے کے باعث شہر اور گرد و نواح کے دیہی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے گھروں اور دکانوں میں بارش کا پانی سیوریج کے ساتھ داخل ہو رہا ہے، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کی اہم شاہراہ جناح روڈ سمیت متعدد کاروباری مراکز زیرِ آب آ چکے ہیں۔
ادھر گرین مرچنٹس کھلے آسمان تلے رکھے گندم کے ذخائر کو بارش سے بچانے کے لیے ہنگامی اقدامات کر رہے ہیں، تاہم مسلسل بارشوں کے باعث ان کوششوں کے باوجود گندم کے نقصان کا خدشہ برقرار ہے۔
بارشوں کے باعث شہر کی سڑکیں کیچڑ سے بھر چکی ہیں، جس کے باعث آمد و رفت شدید متاثر ہوئی ہے۔ لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی تقریباً معطل ہو چکی ہیں۔
دوسری جانب گزشتہ رات سے شہر اور دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہے، جس سے شہریوں کو مزید مشکلات کا سامنا ہے۔ اندھیرے اور پانی کی موجودگی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے، جن میں نکاسی آب کے مؤثر انتظام، بجلی کی بحالی اور متاثرہ افراد کی مدد شامل ہیں، تاکہ عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جا سکے۔

