پسنی (رپورٹر) پسنی میں حالیہ موسلادھار بارشوں کے بعد ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر لوکل انتظامیہ پسنی متحرک ہوگئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر پسنی خسرو دلاوری اور چیف آفیسر عادل بشیر میونسپل کمیٹی پسنی نے شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں اور گھروں کا تفصیلی دورہ کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر پسنی نے بارش سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی۔ ان کی خیریت دریافت کی اور مستحق افراد میں فوری طور پر خیمے اور امدادی سامان تقسیم کیا۔
اس موقع پر شہر میں نکاسی آب کے عمل کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ جمع شدہ پانی کو جلد از جلد نکالا جا سکے۔
بعد ازاں، اسسٹنٹ کمشنر خسرو دلاوری اور چیف آفیسر پسنی عادل بشیر نے عمانی گرانٹ اسپتال کے قریب زیر تعمیر سڑک اور بیرج کا معائنہ کیا۔
انتظامیہ کے مطابق زیر تعمیر بیرج میں لگائے گئے عارضی پائپوں کے ذریعے بارش کا پانی بآسانی گزر رہا ہے۔
جس سے پاک عمانی ہسپتال سے عوامی آمدورفت مکمل طور پر بحال ہے۔
انتظامیہ نے عزم ظاہر کیا کہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

